پیر 11 اگست 2025 - 08:00
امن، صداقت، ایثار و صبر کا نام حسین ہے، مقررین

حوزہ/ اترپردیش کے غازی آباد میں چہلم امام حسینؑ کے موقع پر نکالے گئے جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی، ذاکرین نے امام حسینؑ کے آفاقی پیغام اور قربانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اترپردیش کے ضلع غازی آباد میں ۱۰ اگست ۲۰۲۵ کو امام حسین علیہ السلام اور کربلا کے شہداء کی یاد میں چہلم کے موقع پر عظیم الشان جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔

جلوس کا آغاز دوپہر ۲ بج کر ۳۰ منٹ پر مرکزی امام بارگاہ "حسینی گھر" اسلام نگر گلی نمبر ۸ سے ہوا اور مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے شام کے وقت اپنے مقررہ مقام پر پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔

عزاداروں نے سیاہ لباس زیب تن کر رکھا تھا اور ماتم و نوحہ خوانی کے ساتھ ساتھ امام حسینؑ کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے ذاکرین نے خطابات کیے۔ راستے میں سبیلوں اور لنگر کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا، جہاں پانی، دودھ، چائے، پھل، بریانی اور نذر کی تقسیم کی گئی۔

انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اہلکار اور رضاکار ہر راستے پر تعینات تھے تاکہ امن و امان قائم رہے، جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا تاکہ عام شہریوں کو پریشانی نہ ہو۔

انجمن حسینی نے صفائی، طبی امداد اور نظم و ضبط کے انتظامات میں نمایاں کردار ادا کیا۔ میڈیکل ٹیمیں جلوس کے ساتھ ساتھ موجود رہیں۔ اسلام نگر سے کربلا بونجھہ غازی آباد تک شاہراہوں پر علم و پرچم آویزاں کیے گئے اور تعزیے و شبیہ ذوالجناح کی زیارت کے لیے عزاداروں کا جم غفیر امڈ آیا۔ بزرگ، نوجوان، خواتین اور بچے سبھی اس مذہبی جلوس میں جذبہ و عقیدت کے ساتھ شریک ہوئے۔

مولانا محمد عالم عارفی نے حسینؑ کی آفاقی حیثیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین سب کے ہیں۔ انہوں نے یہ اشعار پڑھے:

اس قدر رویا میں سن کر داستانِ کربلا

میں تو ہندو ہی رہا، آنکھیں حسینی ہو گئیں

مسجد و دیر و کلیسا نہ کبھی ایک ہوئے

تیرے دربار میں پہنچے تو سبھی ایک ہوئے

پھر فرمایا:

امن و اماں، صداقت، ایثار و صبر و شکر

ان سب کا نام حسبِ ضرورت حسین ہے

زمانہ کب یہ سمجھا تھا شبِ عاشور سے پہلے

چراغوں کے بجھانے سے اجالا اور ہوتا ہے

مولانا علی عباس حمیدی نے کہا کہ جو رب کا ہوتا ہے، وہ سب کا ہوتا ہے۔ مولانا حسن اعظمی ہانی، مولانا نازش حسین اور مولانا احسان عباس نے پریس نمائندوں کو امام حسینؑ کی تعلیمات سے روشناس کرایا۔

جلوس کے اختتام پر دعا کی گئی کہ امام حسینؑ کے پیغامِ حق و صداقت پر عمل کی توفیق حاصل ہو اور ملک میں امن و سلامتی قائم رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha